Pages

Monday, May 11, 2015

MQM wants that Governer Sindh should be Resign ایم کیو ایم کا گورنر سندھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ




اس سے پہلے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین بھی گورنر عشرت العباد سے لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں

متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگی، گرفتاریوں اور تشدد روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2008 میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ہلاک کیا گیا لیکن گورنر سندھ آزادی سے گھومتے پھرتے رہے، مہاجر بستیوں پر حملے ہوتے رہے لیکن ڈاکٹر عشرت العباد انھیں رکوانے میں ناکام رہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سنہ 2013 کے انتخابات کے بعد قیام امن کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ ہوا وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نامزد گورنر تھے جب یہ آپریشن اپنے مقاصد سے انحراف کر رہا ہے تھا تو ایم کیو ایم نے ان کی توجہ اس طرح کرائی لیکن انھوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔
’شاباش ہے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو انھوں نے اف تک نہیں کی، ہم نے غیر مشروط طور پر آپریشن کی حمایت کی جس کے پاداش میں ہمیں ہی سب سے زیادہ مشکوک سمجھا گیا، ہماری صفوں میں ہر بدامنی اور ہر جرم کا ملزم تلاش کیا گیا اور اس کو مجرم بھی قرار دے دیا گیا اس کے باوجود بھی ہم خاموش رہے۔‘
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کی نگرانی کے لیے کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق ہوا اس کے بعد بار بار وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سے مطالبات کرتے رہے اور یہ مطالبات گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے سامنے ہوتے رہے انہیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد اس سلسلے میں بھی اپنی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ماروائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، گرفتاریوں وحشیانہ تشدد کے تمام واقعات گورنر عشرت العباد کے سامنے تھے اس کی طرف ڈاکٹر عشرت العباد ان مظالم کو بھی رکوانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم کو طعنے ملتے رہے ہیں کہ گورنر تو آپ کا ہے، اب ہم کس لیے یہ طعنہ سہتے رہے ہیں ایک سیری مینوئل گورنر رکھنے کا ہم کو شوق نہیں تھا۔‘
یاد رہے کہ اس سے پہلے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین بھی گورنر عشرت العباد سے لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں، 22 اپریل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ ڈاکٹر عشرت العباد سے اب کوئی بھی امید نہ رکھے۔